پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیمیں انسانیت کی فلاح کا کام کر رہی ہیں: غلام دستگیر خان

گوجرانوالہ: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خان نے کہا ہے کہ پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیمیں انسانیت کی فلاح کا کام کر رہی ہیں قوم ہیلتھ ورکرز قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، اسلام سچا دین ہے جو دوسروں کے ساتھ حسن سلو ک کا حکم دیتا ہے اور اس میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں طالبان بے گناہوں کا خون بہا کر بندوق کی نوک پر اپنی مرضی کا سلام نافذ کرنا چاہتے ہیں،، دوسروں کو کافر اور خود کو مومن سمجھنے والے معاشرے میں نفرتیں پھیلا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ نبی کریم ۖ نے خطبہ ء حجتہ الوداع میں واضح طور پر فرمایا کہ سوائے تقویٰ اور نیک اعمال کے کسی انسان کو دوسرے انسان پر کوئی برتری نہیں لیکن طالبان کی اسلام سے متعلق تشریح اسکے بالکل منافی ہے، طالبان کا ایجنڈہ انسانیت کی فلاح کی بجائے صرف اور صرف تباہی ہے، مٹھی بھر لوگوں نے اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے معصوم اور بے گناہوں انسانوں کی ہلاکت کو اپنی زندگی کا مقصد بنا رکھا ہے۔

انسانیت کی بقاء و ملکی سلامتی کی خاطر تمام سیاسی قوتیں یکجان ہو کر شیطانیت کا کھیل کھیلنے والوں کے خلاف متحد ہو جائیں، حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے دہشت گردی کو اکھاڑ پھینکنے کے لئے پر عزم ہے امن وا مان کے قیام اور ملکی معیشت کو بحال کرنے کے لئے آخری دہشت گرد کا بھی پیچھا کیا جائے گا۔