اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے نے پولیو ویکسین سکینڈل میں رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کی اہلیہ ڈاکٹر سمیتا کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ، گزشتہ ایک برس کے دوران چونسٹھ کروڑ روپے مالیت کی ویکسین ضائع ہوئی ، ایف آئی اے نے تفصیلات حاصل کر لیں۔
کہیں جعلی ڈگریوں کا کاروبار تو کہیں معصوم جانوں کا سودا ، دولت کے پجاریوں کی ہوس کیسے پوری ہو۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے پولیو ویکسین سکینڈل کیس میں نیشنل پروگرام کی ڈپٹی منیجر ڈاکٹر سمیتا کی گرفتاری کا فیصلہ کیا ہے جو تحقیقات شروع ہوتے ہی منظر عام سے غائب ہو گئی ہیں۔
ڈاکٹر سمیتا رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار کی اہلیہ ہیں ، حکام کے مطابق ایف آئی اے نے ایک سال کے دوران ضائع ہونیوالی ویکسین کا ریکارڈ حاصل کر لیا ہے۔ ریکارڈ کے مطابق ایک سال کے دوران 64 کروڑ روپے مالیت کی ویکسین ضائع ہوئی۔ ایف آئی اے حکام نے گزشتہ برس نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ میں آتشزدگی کو غفلت کا نتیجہ قرار دیا ہے جس میں پینتیس کروڑ روپے مالیت کی ویکسین ضائع ہوئی ہے۔