وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) نواحی موضع ویروکی میں 3 سالہ پولیو زدہ بچہ پانی کے کھال میں گر کر جاں بحق۔ بچہ رینگتا ہوا کھیتوں میں کام کرتی ماں کے پیچھے جا رہا تھا۔بچے کے والدین کھیتوں میں کام کرنے کے لئے ٹوبہ ٹیک سنگھ سے آئے ہوئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق محمد اسحاق نامی محنت کش اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ٹو بہ ٹیک سنگھ سے نواحی گائوں ویروکی میں آیا ہوا تھا اور کھیتوں میں کام کرتا تھا۔اس کا تین سالہ بیٹا علی پولیو زدہ تھا۔محنت کش خاندان موضع ویروکی کے قریب ایک ڈیرہ پر رہائش رکھتے تھے۔پولیو زدہ بچے کی والدہ کھیتوں میں کام کرنے کے لئے گئی تو اپاہج علی بھی رینگتا ہوا ماں کے پیچھے گیا اور پانی کے کھال میں اتر گیا جہاں چھ چھ انچ پانی اور کیچڑ موجود تھا۔
بچہ گارے میں پھنس گیا اور نکل نہ سکا۔کچھ دیر بعد بچہ دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گیا۔تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال وزیرآباد کی ایمرجینسی کے ڈاکٹر نے بچے کی موت کی تصدیق کر دی۔