پولیو ورکرز کا قتل ملک کیخلاف سازش ہے، الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

لندن (جیوڈیسک) متحد ہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پولیو ورکر ز پر مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ایک مذمتی بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے ملک کے مختلف علاقوں میں پولیو ورکرز کو نشانہ بنا نے کا مقصد در اصل آئندہ نسلوں کو معذوری اور اپاہجی کے اندھیروں میں دھکیل کر ملک کے مستقبل کو بیساکھیوں پرکھڑا کرنا ہے۔

اسی لئے مختلف منفی پروپیگنڈوں یا مسلح کارروائیوں کے ذریعے پولیو مہم کو ناکام بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں لیکن تمام تر خطرات اور دہشت گردی کی کارروائیوں کے باوجود جو خواتین و مرد رضا کارا ن گلی گلی جارہے ہیں اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر خدمت خلق کر رہے ہیں میں انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

الطاف حسین نے واقعہ کے نتیجے میں 4پولیو ورکرز کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والی پولیو ورکرز کے درجات بلند فرمائے اور زخمیوں کو جلد و مکمل صحتیابی عطا کرے۔

الطاف حسین نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور بلوچستان کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبد المالک بلوچ سے مطالبہ کیا کہ وہ کوئٹہ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ملوث دہشت گرد عناصر کو فوری گرفتار کریں۔

پولیو رضاکاران کی حفاظت میں کوتاہی برتنے والے ذمہ داران کے خلا ف کارروائی عمل میں لانے کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں پولیو ورکرز کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرکے پولیو رضاکاران کے معاوضے و مراعات میں بھی اضافہ کیا جائے۔