اسلام آباد (جیوڈیسک) چودھری نثار کا کہنا ہے کہ اداروں کونشانہ بنانے والے کو عوامی پذیرائی ملنا ناممکن ہے۔ سیاسی جماعتیں ٹویٹ سے نہیں چلتیں، جس نے کونسلر کا الیکشن بھی نہ لڑا ہو ،اسے سیاستدان نہیں مانتا۔
چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں سوشل میڈیا اور ٹکرز کے ذریعے نہیں چلتیں۔ غیر سیاسی لوگوں کے مسلط ہونے سے پارٹیوں کی ساکھ بہتر نہیں ہوتی۔
چودھری نثار کا کہنا تھا کہ کوئی بھی سیاسی کارکن عدلیہ مخالف تحریک کا حصہ بننے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ مسلم لیگ ن میں اظہارِ رائے کی جتنی آزادی ہے، وہ کسی اور پارٹی میں نہیں ہے۔
سینئر لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن ایک انتہائی نازک دور سے گزر رہی ہے۔ اس وقت جوش سے زیادہ ہوش کی ضرورت ہے۔ شہباز شریف کی بطور وزارت عظمیٰ کیلئے نامزدگی کا فیصلہ مثبت ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اس شخص کو سیاستدان نہیں سمجھتا، جس نے کونسل الیکشن بھی نہ لڑا ہو۔ ایسے غیر سیاسی لوگوں کیلئے مسلم لیگ ن پر اپنی رائے مسلط کرنے کی سراسر گنجائش نہیں ہے۔ سابق وزیرِ داخلہ نے کہا کہ قومی اداروں کو نشانہ بنانے والے عوام میں پذیرائی حاصل نہیں کر سکتے۔