پولیٹیکل انتظامیہ کی شمالی وزیرستان کے لوگوں کو علاقہ چھوڑنے کی ہدایت

North Waziristan

North Waziristan

وزیرستان (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان میں آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ کامیابی سے جاری ہے اور پاک فوج نے دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا ہے جبکہ آپریشن کے دوران علاقے کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی بھی ہدایت کر دی گئی ہے۔

شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے جس کے لئے پولیٹیکل انتظامیہ نے میر علی اور رزمک کے لوگوں کو علاقہ خالی کر کے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ میران شاہ، غلام خان اور دتہ خیل کے قبائل بھی دو روز بعد محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں گے۔

دوسری جانب شمالی وزیرستان میں نافذ کرفیو میں آج سے 3 روز کے لئے نرمی کر دی گئی ہے، ذرائع کے مطابق ان 3 دنوں کے دوران صبح 5 سے شام 7 بجے تک کرفیو میں نرمی رہے گی۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے شمالی وزیرستان آپریشن سے نقل مکانی کرنے والے افراد کے لئے صوبے کے اسکولوں میں آئی ڈی پیز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وزیراعظم نوازشریف نے بھی وفاقی وزیر قادر بلوچ کو آئی ڈی پیز کی دیکھ بھال کی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔