کراچی (جیوڈیسک) سابق سٹی ناظم مصطفیٰ کمال اچانک کراچی واپس آگئے ہیں، سابق میئر کراچی مصطفیٰ کمال 1971 میں کراچی میں پیدا ہوئے۔ 80 کی دہائی میں متحدہ قومی مومنٹ سے منسلک ہوئے۔
انہوں نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر بطور آپریٹر اپنی ذمہ داریوں کا آغاز کیا۔ مصطفیٰ کمال 2005 ء سے 2010 ء تک کراچی کے ناظم رہے۔ مصطفیٰ کمال کا نام دنیا کے تین بہترین میئرز میں آتا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے اپنے دور میں کراچی میں مختلف ترقیاتی کام کرائے جس کی وجہ سے اب تک ان کے دور کو یاد کیا جاتا ہے۔ اس سے قبل وہ سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں 2003 سے 2005 تک صوبائی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی بھی رہ چکے ہیں۔
مصطفیٰ کمال اپنے دور نظامت کے بعد سینیٹر کے عہدے پر بھی فائز رہے لیکن 2013ء میں اچانک ہی سینیٹر کے عہدے سے مستعفی ہوتے ہوئے بیرون ملک روانہ ہوگئے۔ دو سال کے عرصے بعد ایک بار پھر مصطفیٰ کمال منظر عام پر آگئے ہیں۔