لاہور (جی پی آئی) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدر محمد جمیل نے کہا ہے کہ سیاسی چپقلش نے ملک کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے اور عدم برداشت کا رویہ جمہوریت اور سیاستدانوں کیلئے بدنامی کا باعث بن رہا ہے۔
انہوں نے کہا 2013کے عام انتخابات مکمل طور پر فکس تھے اگر شفاف اور منصفانہ انتخابات ہو جاتے تو یقینا ملک کی آج یہ صورتحال نہ ہوتی، مسلم لیگ(ن) کو مسروقہ مینڈیٹ کے ذریعے اقتدار میں لایا گیا جسکا قوم آج خمیازہ بھگت رہی ہے،اگر شریف برادران کے پاس حقیقی مینڈیٹ ہوتا تو یقینا وہ اتنی ڈھٹائی سے اقتدار کیساتھ چمٹے نہ رہتے۔
عوام موجودہ حکمرانوں سے عاجز آچکے ہیں اور حکومت قومی مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آرہی ہے،2013کے عام انتخابات میں متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو غیر سنجیدہ قرار دیکر انتخابی عمل سے ہی دور کر دیا گیا اور کسی بھی ٹربیونل نے انکی بات تک نہ سنی،سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے انصاف کے اعلیٰ ترین منصب پر بیٹھ کر جانبداری کا مظاہرہ کیا اور چھوٹے چھوٹے معاملات میں انکے ازخود نوٹس آزاد عدلیہ کیلئے جگ ہنسائی کا سبب بنے۔
انہوں نے کہا پیپلز پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتیں جمہوریت کیلئے شریف برادران کیساتھ نہیں کھڑیں بلکہ اپنی لوٹ مار اور کرپشن کو تحفظ دینے کیلئے حکمرانوں کو ریسکیو کر رہی ہیں۔