سیاسی بحران :جماعت اسلامی نے حکومت کو ذمہ دار قرار دیا

Jamaat Islami

Jamaat Islami

لاہور (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس سیکرٹری جنرل اور صدر کمیٹی لیاقت بلوچ کی زیر صدارت منصورہ میں ہوا جس میں اسد اللہ بھٹو، میاں محمد اسلم، ڈاکٹر سید وسیم اختر، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، پروفیسر محمد ابراہیم ، عبدالمتین اخوانزادہ، حافظ سلمان بٹ، امیر العظیم ودیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں کہا گیا کہ غزہ میں فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم، بمباری اور قتل عام تاریخ کا بدترین ظلم ہے۔ اسلامی ممالک متحد ہو جائیں تو مسلمانوں کے مسائل اور مصائب میں کمی آسکتی ہے۔ ملک بھر میں سیاسی بحران کی ذمہ دار حکومت ہے۔ 2013 کے انتخابات میں دھاندلی اور بدعنوانیاں عیاں ہو گئی ہیں جس سے عملاً عوامی مینڈیٹ اپنی ساکھ کھو چکاہے۔

وزیراعظم نوازشریف کے وزرانے حکومت کو بند گلی کی طرف دھکیل دیا ہے۔ کراچی، بلوچستان اور فاٹا کی صورتحال انتہائی نازک ہے۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور عوام کے دکھ درد کا مداوا کریں اورلاپتہ افراد فوری طور پر بازیاب کیے جائیں۔