اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی بحران ہے نہ مڈٹرم الیکشن ہوں گے تاہم محاز آرائی سے نکلنے کے لئے پی ٹی آئی سے مذاکرات ہونے چاہئیں۔ انھوں نے کہا عوام نواز شریف اور عمران خان کا موازنہ کریں، میڈیا بھی تناسب کے ساتھ انھیں وقت دے۔
جاوید ہاشمی جوان مرد ہیں، قومی اسمبلی میں آ کر استعفے کا اعلان کیا، پی ٹی آئی والے انھیں شوکاز نوٹس دینے کے بجائے ان کی تقلید کریں، دوغلے نہ بنیں، ان کے قول وفعل میں تضاد ہے، آج بھی تنخواہیں لے رہے ہیں، اسپیکر فیصلہ کن قدم اٹھائیں اوران کے استعفے قبول کریں۔
انھوں نے کہا جہانگیر ترین کے نام پر بجلی کے 86 میٹر ہیں، شاہ محمود قریشی کے ملتان والے گھر میں 8 میٹر ہیں جبکہ عمران خان کے زمان پارک اوربنی گالہ والے گھروں میں 3,3 میٹر لگے ہوئے ہیں۔
محکمہ بجلی میں بڑی بدعنوانی ہے، لاکھوں صارفین نے اس کے ساتھ مل کر ایک سے زائد میٹرلگوائے ہیں، سب کے اتاریں گے۔ صرف اس گھر میں ایک سے زائد میٹر لگ سکتے ہیں جہاں ایک سے زیادہ خاندان یا کرایے دار رہتے ہوں۔
رائیونڈ کالونی کی طرح ہے، جہاں کئی گھروں میں شریف خاندان کے بھائی، بچے اور ملازمین اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہائش پذیر ہیں، اس لیے وہاں کئی میٹر لگے ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا۔
کہ حسین نواز، حسن نواز اگر سعودی عرب یا برطانیہ میں کاروبار کر رہے ہیں تو وہاں غلط طریقے سے کام کرنا ممکن ہی نہیں، عمران دوسروں سے حساب مانگتے ہیں، وہ اپنا بتائیں کہ زکٰوۃ کے پیسے سے مسقط اور فرانس میں سرمایہ کاری کیوں کی؟