سیاسی بنیادوں پر قائم سکول مسائل پیدا کر رہے ہیں:ریاض سوہی

 Riyadh sohi

Riyadh sohi

فیصل آباد (جیوڈیسک) ڈسٹرکٹ آفیسر سیکنڈری ایجوکیشن ریاض احمد سوہی نے کہا ہے کہ تعلیمی بورڈ کے سالانہ امتحانات میں سرکاری سکولز کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ میٹرک میں ناقص رزلٹ کے ڈر سے طلبا کے داخلے روکنے والے اور ناقص نتائج دینے والے سکول سربراہ کے خلاف محکمانہ کارروائی ہو گی۔

ایسے سکول جو سیاسی بنیادوں اور کم آبادی والے علاقوں میں قائم کئے گئے ہیں محکمہ تعلیم کیلئے مسائل پیدا کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روزنامہ دنیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولز کے نتائج بہتر بنانے کیلئے سکولز سربراہان کو میٹرک کلاسز کے زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ لینے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

ہائر سیکنڈری سکولز میں اساتذہ کی کمی کے باوجود اچھے نتائج سامنے آ رہے ہیں اس لئے ان سکولز کے پرنسپلز کو زیادہ سے زیادہ داخلے کرنے کا ٹاسک دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم نے حال ہی میں مزید 47 سکولز میں آئی ٹی لیبز فراہم کر دی ہیں جبکہ مزید سکولز کو کمپیوٹر لیبز کی فراہمی کیلئے پیپر ورک کیا جا رہا ہے۔