سیاسی میدان میں صالح قیادت کو متعارف کرایا ہے۔ علامہ اصغر عسکری
Posted on April 28, 2013 By Tahir Webmaster سٹی نیوز
ایم ڈبلیو ایم کے NA-48 سے نامزد امیدوار علامہ اصغر عسکری نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم جاگیردارانہ اور مورثی سیاست کے خلاف میدان میں آئے ہیں اور قوم کو ایک نئی سوچ دی ہے کہ قیادت اگر محب وطن و مخلص ہو تو ملک عزیز کو موجودہ بحرانوں سے نکالا جا سکتا ہے۔ انہوں نے NA-48 کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے ورکرز کو آئندہ کا لائحہ عمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم ایک شرعی ذمہ داری کو ادا کرنے کے لیے نکلے ہیں۔
ووٹ کی طاقت کے ذریعے ہم ملک دشمن قوتوں کو شکست دیں گے۔ ورکرز کنونشن سے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری فلاح و بہبود نثار فیضی، مولانا یوسف جوہری اور مختلف سیکٹرز سے آئے ہوئے دیگر عمائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم حلقہ کے عوام کے جوش و جذبے کو دیکھ رہے ہیں۔
عوام سابقہ ایم این اے کی نااہلی کو دیکھ چکے ہیں۔ اس مرتبہ NA-48 کی صورتحال یکسر تبدیل ہو گی۔ مقررین کا کہنا تھا ضروری نہیں ہے کہ الیکشن مہم پر کروڑوں روپے خرچ کرنے والوں کو عوام ووٹ بھی دیں۔ عوام بیدار ہے اور ان کا ووٹ بھی ضمیر و انصاف کا ووٹ ہو گا۔