کراچی (جیوڈیسک) جاوید میانداد اور شاہد خان آفریدی کے مابین کئی روز سے جاری کشیدگی ختم ہو گئی ہے۔ لیجنڈ بلے باز جاوید میانداد اور سٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کے ایک دوسرے سے گلے شکوے دور ہو گئے۔ میانداد نے لالہ سے ہاتھ بھی ملایا اور گلے بھی لگا لیا۔
اس اہم پیشرفت کے بعد امکان ہے کہ اب دونوں کرکٹرز کے درمیان جاری لفظی جنگ ختم ہو جائے گی۔ ذرائع کے مطابق، میانداد اور آفریدی کی ملاقات اور صلح میں لالہ کے چچا نے اہم کردار ادا کیا۔ امکان ہے کہ میانداد اور آفریدی آج شام گورنر ہاؤس جائیں گے جہاں سے دونوں سابق کپتانوں کی صلح کا بیان سامنے آنے کی توقع ہے۔
اہم سیاسی شخصیت کی کوششوں سے ہونے والی اس ملاقات میں آفریدی نے میانداد سے شکوہ کیا کہ آپ نے میرے خلاف غلط زبان استعمال کی۔ اس پر میانداد نے آفریدی سے کہا، میں تم سے بڑا ہوں تم نے بھی غلط زبان استعمال کی۔ اس پر آفریدی کا کہنا تھا کہ میں نے جو باتیں کیں وہ غصے میں کیں۔ جواباً میانداد نے کہا کہ میں آپ کے متعلق اپنے الفاظ واپس لیتا ہوں۔ ذرائع کے مطابق، دونوں کی ملاقات ڈیفنس میں ایک گھر میں ہوئی۔