سیاسی مداخلت نے معیار تعلیم گرا دیا ہے: محمد زبیر صفدر
Posted on November 6, 2013 By Majid Khan لاہور
لاہور: اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر صفدر نے کہا ہے کہ سیاسی مداخلت نے تعلیم کا معیار گرایا ہے، سیاسی بھرتیوں کی وجہ سے قوم کے نونہالوں کا مستقبل دائو پر لگا دیا گیا ہے۔ تعلیم اداروں میں تعلیم دینے کے خاطر خواہ انتظامات نہیں ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہورکی جامعات کے طلبہ وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں گھوسٹ تعلیم ادارے موجود ہیں جن سے بجٹ کو ماہانہ کروڑں روپے کا نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔
اکثر تعلیمی ادارے سٹاف کی کمی کا شکار ہیں جہاں سٹاف مکمل ہے تو عمارت غائب ہے قوم کے نونہال گرمی ہو یا سردی کھلے آسمان تلے زیور تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں، تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور ریاست کا فرض ہے کہ وہ شہریوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کرے لیکن حکام اپنے فرائض سے نگاہیں چرا رہے ہیں ۔ناظم اعلیٰ جمعیت کا مزید کہنا تھا کہ تعلیم عام اور غریب طالب علم کی پہنچ سے باہر کی جارہی ہے ، فیسوں میں اضافے اور مہنگائی کے باعث طالب علم تعلیم سے محروم ہو رہے ہیں۔ گلوبل ویلج کے دعویداروں نے قوم کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے تعلیم کو سستا کیا جائے اور سرکاری جامعات کے معیار میں بہتری کے ساتھ تعداد بھی بڑھائی جائے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com