فیصل آباد: ن لیگ کے گلو بٹ ٹی وی پر آ کر سیاسی قائدین کے خلاف جو بازاری زبان استعمال کر رہے ہیں اس سے حکومت کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ن لیگ کی قیادت میں ہاتھوں اور پیروں کے انگوٹھے لگا کر جدہ بھاگ گئی تھی اس وقت ان کی آوازیں نہیں نکلیں اور میاں صاحب کو خالی جہاز میں جدہ واپس جانا پڑا اور یہ لوگ اپنے گھروں سے نہیں نکلے ان کو ماضی نہیں بھولنا چاہیے اور عقل سے کام لینا چاہیے اور حکومت کو مستحکم کرنے کے لیے ان کو اپنے روپوں پر نظرثانی کرنا ہو گی۔
ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی سٹی کے رابطہ سیکرٹری شیخ یٰسین نے اپنے ایک اخباری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا اب نئی نسل پاکستان کی بھاگ دوڑ سنبھالنے والی ہے لہٰذا جڑانوالہ اور ٹیکسالی کی زبانوں کو روکنا ہو گا اگر ان لوگوں نے اپنا وطیرہ نہ بدلا تو ان کی حمایت کرنیوالی سیاسی جماعتیں ان سے الگ ہو جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی قائدین کے ساتھ عزت ووقار کیساتھ مذاکرات کی کوشش کی جائے اور ان کو عزت واحترام دے کر جمہوریت کو بچایا جائے۔