لاہور (جیوڈیسک) سیاسی رہنماؤں نے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ پاک فوج شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے خاڑ کمر میں آئی ای ڈی کے دھماکے میں پاک فوج کے تین افسران سمیت 4 اہلکار شہید اور 4 زخمی ہو گئے۔
ملکی سیاسی قیادت نے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شرپسند عناصر پاک فوج کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔
اعجاز شاہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ امن کے مکمل حصول تک جاری رہے گی، پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ ہے، ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں دھماکے سے شہادتوں پر اظہار رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ دشمن پاکستان کا امن تباہ کرنے کے درپے ہیں لیکن دہشت گرد اپنےمذموم حملوں سے پاکستان کا عزم کمزور نہیں کر سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم شہداء کے خون کی قرض دار ہے اور شہداء کی عظیم قربانیاں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے خاڑ کمر میں بارودی سرنگ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے جوانوں کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ وطن عزیر کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے بھی شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں فوجی جوانوں کی شہادتوں پر انتہائی دکھ ہے۔
محمود خان نے کہا کہ شہیدوں کا لہو کسی بھی صورت رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔