سیاسی رہنماں کو سیکیورٹی خطرات لاحق ہیں : ملک حبیب

Malik Habib

Malik Habib

اسلام آباد(جیوڈیسک)اسلام آباد نگران وفاقی وزیر داخلہ ملک حبیب خان کا کہنا ہے کہ سیاسی رہنماں کو سیکیورٹی خطرات لاحق ہیں۔ انتخابات میں امیدواروں کی سیکیورٹی بغیر کسی امتیاز کے یقینی بنائی جائے گی۔ سینیٹ اجلاس کے دوران ارکان نے نکتہ اعتراض پر سیکیورٹی انتظامات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ اہم شخصیات سے سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے لیکن دوبار آئین پامال کرنے والے پرویز مشرف کو فول پروف سیکیورٹی دی جا رہی ہے ۔ سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ سیکیورٹی کے نام پر انتخابات ایک گھنٹہ بھی ملتوی ہوئے تو وفاق کی موجودہ صورت حال برقرار نہیں رہے گی۔

نگران وزیر داخلہ ملک حبیب خان نے سینیٹ میں پالیسی بیان دیتے ہوئے کہا کہ امن وامان کا قیام صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے تاہم وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی ۔ انتخابات بروقت ہوں گے ۔ نگران وزیر داخلہ نے سابق صدر پرویز مشرف کی سکیورٹی سے متعلق سوالات کا جواب دینے سے گریز کیا۔