کراچی (جیوڈیسک) خورشید بیگم سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ چند ماہ سے لانڈھی، شاہ فیصل، ملیر اور لائنزایریا میں ایم کیو ایم حقیقی کے کارکنان کی غنڈہ گردی زور پکڑ گئی۔
ان علاقوں میں نہ صرف کارکنان کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے بلکہ اب تک تین کارکنان کو فائرنگ کر کے قتل بھی کیا جا چکا ہے۔
کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو چائنا کٹنگ کی وجہ سے پارٹی سے نکالا گیا اور جن پر قتل کے الزامات ہیں انہیں ایم کیو ایم کے مقابلے پر کھڑا کر دیا گیا۔ کمال گروپ میں شمولیت کے لیے ایم کیو ایم کے کارکنوں کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں جبکہ جیلوں میں قید کارکنوں کو رہائی کی لالچ دی جا رہی ہے۔
ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے ارباب اختیار کو مخاطب کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ ایم کیو ایم کے خلاف ہونے والی سازشیں بند کرائی جائیں اور کراچی کے مختلف علاقوں میں ہونے والی پر تشددد کاروائیوں کا نوٹس لیا جائے۔