اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیر اعظم اور پیپلزپارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کسی سیاسی جماعت کی حامی ہے اور نا مخالف تاہم موجودہ سیاسی بحران کے حل کے لئے حکومت کو دھرنے والوں سے بات کرنا ہوگی۔
اسلام آباد میں راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ 11 مئی کو ہونے والے انتخابات ٹھیک ہوئے تھے تو ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرانے سے نہیں گھبرانا چاہیئے، انتخابی دھاندلی کے لئے ہونے والے دھرنوں کے باعث معاملات بہت آگے نکل چکے ہیں۔
جبکہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ دھرنے والوں سے مذاکرات کرے اور انہیں کسی ایک نکتے پر متفق کرے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کا استعفی دینا آئینی اور قانونی چیز ہے جبکہ مڈٹرم الیکشن قانونی حصہ ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 50 دن ہوگئے پورے ملک میں ہیجان کی سی کیفیت ہے جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی سیل کر دیئے گئے ہیں جہاں شہری محصور ہوکر رہ گئے ہیں، دھرنوں کے باعث حکومتی سرگرمیاں بھی معمول کے مطابق نہیں چل رہیں۔
جنہیں دوبارہ راہ راست پر لانے کے لئے حکومت کو ہی کردار ادا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی بحران میں پیپلزپارٹی نے مثبت کردار ادا کیا، سیاست تسلسل کا نام ہے اور یہ مسلسل عمل کا سلسلہ ہوتا ہے جس میں افہام و تفہیم سے آگے بڑھتے رہنا چاہیئے۔