اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے ایک بار پھر وزیراعظم نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم پاناما لیکس پر سیاسی مخالفین کو بلیک میل کرنے کے بجائے اپنی آف شور کمپنیوں اور اکاؤنٹس کی وضاحت کریں۔
سماجی رابطوں کی مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئیٹر اپنے پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین تحریری طور پر واضح کر چکے ہیں کہ انھوں نے کسی سے بھی قرضے معاف نہیں کروائے اور وہ غلط الزامات لگانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ حکومت مسلم لیگ (ن) کی ہے، اگر ان کے پاس کسی کے غلط کام کے ثبوت ہیں تو انھیں اس کے خلاف ایکشن لینا چاہیئے اور معاملے کی تحقیقات کرنی چاہیئیں۔
پاناما لیکس کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین نے کہا کہ آف شور کمپنیوں میں اکاؤنٹس پر وضاحت کے بجائے شریف فیملی اپنے سیاسی مخالفین کو بلیک میل کرنے کے لئے حکومتی مشینری کا استعمال کر رہی ہے۔
یہ شریف فیملی کی مخصوص حکمت عملی ہے کہ جب بھی کوئی ان کی غلط چیزوں کو نمایاں کرتا ہے تو یہ ان کے بلیک میلنگ پر اتر آتے ہیں۔