بڑوں سے سیاسی مخالفتوں کا انتقام بچوں سے لینا کم ظرفی کی انتہا ہے: شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے پارٹی رہنما انجینئر امیر مقام کے صاحبزادے اور کزن کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔

اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نیازی صاحب بڑوں سے سیاسی مخالفتوں کا انتقام بچوں سے لینا کم ظرفی کی انتہا ہوتی ہے، حکومت انتقام میں اندھی، گونگی اور بہری ہو چکی ہے، نیب کے بعد اب آیف آئی اے کو سیاسی انتقام کا ذریعہ بنانا ماضی واپس لے آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امیر مقام کو نواز شریف، شہباز شریف اور (ن) لیگ کا ساتھ دینے کی سزا دی جارہی ہے لیکن امیر مقام اور ان کے بچے ببر شیر ہیں، سیاسی لومڑ ان کا مقابلہ نہیں کر سکتے، سیاسی انتقام کا نشانہ بننے والے شیروں کا وقت آرہا ہے، مخالفین میدان سے بھاگ رہے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اذیت پسند حکمرانوں کو شاید صرف عوام کی چیخیں پسند ہیں، مہنگائی کو قابو نہ کرسکنے والے اپوزیشن کے بچوں کو بھی گرفتار کرنے میں مصروف ہیں، ہم ڈٹ کر حکومت کے ملک اور قوم کے خلاف ظلم کی ترجمانی کرتے رہیں گے، منافقت اور دو نمبری والا نیا پاکستان نہیں چاہیے۔

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہاکہ آپ تو مہنگائی، بیروزگاری اور افراط زر کو قابو کرنے آئے تھے، آپ نے لوگوں کو گھر، روزگار اور روٹی دینے کے وعدے کیے تھے۔