سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگ قومی مستقبل کیلئے خطرہ ہیں : امیر پٹی

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سیاسی جماعتوں میں بھتہ خوروں ‘ دہشتگردوں ‘ مفاد پرستوں اور جرائم پیشہ عناصر کی موجودگی نہ صرف سیاسی جماعتوں کی بد نامی کا باعث بن رہی ہے بلکہ جمہوریت کے مستقبل کیلئے بھی خطرات پیدا کررہی ہے کیونکہ جرائم پیشہ عناصر کی سیاسی جماعتوں میں موجودگی سے حکومت عوامی مفادات کے تحفظ میں ناکام رہتی ہے جس سے عوام میں احساس محرومی پیدا ہو رہا ہے اور انصاف سے محروم عوام کے دلوں سے حب الوطنی مفقود ہوتی جارہی ہے۔

اسلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنی صفوں سے جرائم پیشہ عناصر ‘ بھتہ خوروں ‘ دہشتگردوں سمیت مفاد پرستوں کا صفایا کرنا چاہئے کیونکہ یہی جرائم پیشہ عناصر سیاسی عسکری ونگ کے نام سے سیاسی جماعتوں کی بدنامی اور ان کے مستقبل کیلئے خطرے کا باعث بن رہی ہے۔

تنظیم محب وطن روشن پاکستان کے چیئرمین امیر پٹی ‘ سینئر وائس چیئرمین محمد فاروق کمال ‘ وائس چیئرمین اسلم خان ‘یونس سایانی ‘ صدر محمد سلیمان راجپوت ‘ محمد انور ایڈوکیٹ ‘ میڈم انیتا ‘ تبسم ناز و دیگر نے سیاسی جماعتوں سے عسکری ونگز کے خاتمے کے مطالبہ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بد امنی کی بڑی وجہ جرائم پیشہ عناصر کی سیاسی جماعتوں سے وابستگی اور بعض مذہبی جماعتون کی جانب سے دہشتگردوں کی سرپرستی ہے جو کسی بھی طور ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہے اسلئے ملک و قوم کے وسیع تر مفاد کے ساتھ محفوط مستقبل کیلئے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو جرائم پیشہ عناصر و دہشتگردوں کی بیخ کنی کے عمل میں متعلقہ اداروں سے مکمل تعاون کرنے کی ضرورت ہے۔