تمام سیاسی جماعتوں کیساتھ مل کر سلیکٹڈ وزیراعظم کو گھر بھیجیں گے: بلاول بھٹو

Bilawal Bhutto

Bilawal Bhutto

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں اور پورے پاکستان کا ایک ہی نعرہ ہے کہ ’گو سلیکٹڈ گو‘۔

آزادی مارچ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عوام صرف جمہوریت کو مانتے ہیں لیکن یہ کس قسم کی جمہوریت ہے کہ 70 سال ہونے کے باوجود ملک میں شفاف انتخابات نہیں ہو سکے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کر کے ایک واضح پیغام اسلام آباد، وفاق اور پارلیمان کے لیے بھیجا ہے کہ اس ملک کے عوام سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی نظام کو نہیں مانتے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کس قسم کی آزادی ہے کہ را کے سربراہ کا انٹرویو تو نشر ہو سکتا ہے، بھارتی پائلٹ کا انٹرویو تو چل سکتا ہے لیکن صابق صدر آصف زرداری، مولانا فضل اور شہباز شریف کے بیانات نشر نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری معیشت بھی آزاد نہیں ہے، ہمارا وزیر خزانہ کون ہو گا آئی ایم ایف طے کر رہا ہے، معاشی دہشت گردی سے ہر طبقے کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے، جو ایک پاکستان کا دعویٰ کرتے تھے، عوام کو تکلیف اور امیروں کو ریلیف دے رہے ہیں۔

وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا ہمارا وزیراعظم نااہل، نالائق اور سلیکٹڈ ہے، کشمیر پر تاریخی حملہ ہوا اور ہمارا وزیراعظم کہتا ہے کہ میں کیا کروں، کشمیر کے لیے صرف تقریریں اور ٹوئٹس کرتے ہیں، ہر پاکستانی آخری دم تک کشمیر کے لیے لڑے گا، کوئی سودا قبول نہیں کرے گا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو یقین دلاتا ہوں کہ ہر جمہوری قدم میں ان کے ساتھ ہوں گے اور اس سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی وزیراعظم کو مل کر گھر بھیجیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں، مزدور، کسانوں اور پورے پاکستان کا ایک ہی نعرہ ہے ’گو سلیکٹڈ گو‘۔