اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دھرنے اور ہڑتال کی کال دینے والی جماعتیں اپنی باری کا انتظار کریں، ٹانگیں نہ کھینچیں، پاکستان کو آگے بڑھنے دیں، حقیقت کی دنیا کچھ اور ہے۔
بعض ٹی وی چینل کچھ اور ہی دنیا دکھارہے ہیں۔ اسلام آباد میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ چند عناصر پاکستان کے خلاف کھیل رہے ہیں۔ کچھ سیاسی جماعتیں آئے روز کبھی ہڑتال اور کبھی دھرنے دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آگے بڑھنا ہے، اس کے لیے ان کی حکومت کو کام کرنے کا موقع دیا جائے، مخالفین ٹانگیں نہیں کھینچیں اور عوامی مینڈیٹ ملنے کا انتظار کریں۔ وزیر اعظم نے چند ٹی وی چینل پر تنقید کرتے ہوئے۔
کہا کہ وہ ایک الگ دنیا پیش کر رہے ہیں ، وہ دنیا پاکستان کو اندھیروں میں دھکیلنا چاہتی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں غیرقانونی اسلحہ ختم ہونا چاہیے، اس کے لیے جلد ہی قانون لارہے ہیں،۔
پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں،دعا ہے کہ قوم دہشت گردی سے محفوظ رہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر ے گی ، چاہے ان کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو،وہ سب کے وزیر اعظم ہیں۔