جنم جنم کی میلی سیاسی جماعتیں عوامی انقلاب کا راستہ نہیں روک سکتیں۔ فہیم اختر

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد: سنی اتحاد کونسل کے ڈویژنل صدر میاں فہیم اختر نے کہا ہے کہ جنم جنم کی میلی سیاسی جماعتیں عوامی انقلاب کا راستہ نہیں روک سکتیں۔ انقلابی دھرنے کے شرکاء کرپشن کا خاتمہ اور میرٹ کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ دھرنے کے شرکاء ملک و قوم کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ ہم سیاست میں جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کی اجارہ داری ختم کر کے دم لیں گے ایک ماہ کے پرامن دھرنے نے حکمرانوں کی عقل ٹھکانے لگا دی ہے۔ حکمرانوں کے خلاف مزاحمتی تحریک اب رک نہیں سکتی سارے مفاد پرست اکٹھے ہو کر اقتدار محل کی گرتی دیواروں کو سہارا دے رہے ہیں۔

دھرنوں نے مفاد پرستوں کی پرانی سیاست کی دیوار توڑ کر نئی سیاست کے لیے راستہ کھول دیا ہے جمہوری ایوان میں کھڑے ہو کر جمہوریت کے پرچم بردار غیرپارلیمانی زبان استعمال کر رہے ہیں۔ ایک دوسرے کو چور کہنے والے آج اقتدار کے لیے جپھیاں ڈال رہے ہیں انقلابی دھرنا مقاصد کے حصول تک جاری رہے گا۔ آدم خور، بدبودار، استحصالی، سیاسی، معاشی اور سماجی ڈھانچے کو جڑوں سے اکھاڑ پھینکنا ہو گا۔ حکمران طبقہ چوری اور حرام خوری کی علامت بن چکا ہے۔

ایک ماہ کے پرامن انقلابی دھرنے نے نئی تاریخ رقم کی ہے میاں فہیم اختر نے اسلام آباد میں مجلس وحدت المسلمین کے راہنمائوں کی بلاجواز گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ گرفتار راہنمائوں کو فی الفور رہا کیا جائے۔ حکمران گرفتاریوں اور چھاپوں سے انقلاب کا راستہ نہیں روک سکتے۔ حکومت مخالف سیاسی راہنمائوں کی گرفتاریاں غیرجمہوری اور آمرانہ عمل ہے۔ حکومت دھرنوں سے گھبرا کر اوچھے اور وحشیانہ ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ مجلس وحدت المسلمین کے پرامن راہنمائوں کی بلاجواز گرفتاریاں غیرقانونی ہیں۔ حکمران اتنا ہی ظلم کریں جتنا کل برداشت کر سکتے ہیں۔