سرینگر (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر کے وزیراعلیٰ مفتی سعید نے عہدہ سنبھالنے کے فوری بعد الیکشن کے دوران عوام کیساتھ کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کا عندیہ دیتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ مختلف جیلوں میں نظر بند سیاسی قیدیوں کے کیسوں کا فوری طور پر جائزہ لے کر ان افراد کی رہائی کیلئے اقدامات شروع کریں۔
جن کیخلاف کسی قسم کے سنگین الزامات نہیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریاستی پولیس کے سربراہ راجندر کیساتھ جموں میں محکمہ کی پہلی جائزہ میٹنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے ریاستی پولیس کو ہدایت کی کہ وہ نئی حکومت کے قیام کیساتھ ہی اپنا طرز عمل بدل کر عوام دوست رویہ اختیار کریں۔
انہوں نے پولیس کے کردار کو عوام کے تحفظ کیلئے غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کو اب خوف اور دہشت کا ذریعہ نہیں بلکہ عوام کیلئے مسیحاء کے طور پر اپنے آپ کو پیش کرنا ہو گا۔
انہوں نے ملاقات کے دوران موجود سی آئی ڈی کے آئی جی ڈاکٹر سری ناسن کو ہدایت کی کہ وہ ریاست اور بیرون ریاست مختلف جیلوں میں نظر بند اور سیاسی قیدیوں جن کیخلاف کسی قسم کے سنگین الزامات نہیں ہیں ان کی رہائی کیلئے اقدامات کریں۔