سیاسی اقربا پروری نئے صوبوں کے مطالبے کو ہوا دے رہی ہے، امیر پٹی

karachi

karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ سے اظہار محبت کیلئے قومی عوامی تحریک کی محبت سندھ بیدار ریلی سندھ کی دیہی و شہری آبادی کے درمیان موجود غلط فہمیوں کے ازالے ، اخوت، اتحاد اور ےگانگت کی بحالی و فروغ کیلئے ہے تو اس کیلئے ایاز لطیف پلیجو خراج تحسین کے مستحق ہیں لیکن اگر اس کا مقصد سندھ کارڈ کے استعمال کے ذرےعے سیاست چمکانا ہے تو یہ مستقبل کیلئے خطرناک ہوگا۔

محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر علی پٹی والا نے نئے صوبوں کے قیام کے مطالبے اور اس کی مخالفت میں اٹھنے والی آوازوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں موجود تعصب و لسانیت ، صوبوں کے درمیان موجود اختلافات ، عوام کی محرومیاں ، دیہی و شہری آبادی میں حائل خلیج، کرپشن، بدامنی اور دہشتگردی کی وجہ سیاستدانوں کی منافقت و مفاد پرستی ، استحصالی نظام اور فرسودہ انتظامی ڈھانچہ ہے۔

جس کی وجہ سے مظلوم طبقات نئے صوبوں کے قیام کے مطالبے پر مجبور ہیں جو کسی بھی طور پاکستان کے مفادمیں نہیں ہے لیکن موجودہ نظام و ڈھانچہ عوامی خوشحالی کا ضامن نہیںہے اور اگر اسے تبدیل نہیں کیا گیا تو پاکستان کی سالمیت کو برقرار رکھنا مشکل ہوجائے گا اسی لئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی نے مقامی خودمختاری پر مبنی اس انتظامی ڈھانچے کا فارمولہ پیش کیا ہے۔

جس پر عملدرآمد سہل اور آسان ہونے کے ساتھ تعصب و لسانیت ، بدامنی و دہشتگردی، ظلم و استحصال کے خاتمے کی ضمانت بھی فراہم کرتا ہے اورمزید صوبوں کے قیام کی ضرورت کا بھی خاتمہ کریگا اسلئے مزید صوبوں کا مطالبہ کرنے والوںاور اس مطالبے کے مخالفوں دونوں ہی کو محب وطن روشن پاکستان کے منشور و انتظامی ڈھانچے کے فارمولے کا مطالعہ کرکے اس پر آئینی شکل میں عملدرآمد ممکن بنانے کیلئے ہمارا ساتھ دینا چاہئے۔

کیونکہ یہ وہ واحد راستہ ہے جو پاکستان کی سلامتی اور عوام کے تحفظ و خوشحالی کا ضامن ہے۔