سیاسی و مذہبی جماعتوں پر اعتماد, تعصب و لسانیت اور شخصیت پرستی نے عوام کو غیر محفوظ بنا دیا ہے

کراچی : کراچی کے حالات اور لیاری کے واقعات کے ساتھ ماڑی پور روڈ پرنعش کے ساتھ کی جانے والے ریاستی بے حرمتی پر تاسف و تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معروف سیاسی و سماجی رہنما اور حلقہ پی ایس128 لانڈھی سے صوبائی اسمبلی کے سابق امیدوار محمد رئیس نے کہا ہے کہ حکمرانی اللہ کی جانب سے امانت ہوتی ہے مگر جب بد دیانتی، کرپشن اور اقتدار کی ہوس اس مقام پر پہنچ جائے کہ امین خائن بن جائیں، محافظ لٹیرے ہو جائیں اور حکمران اپنے اقتدار و اختیار کیلئے اپنے ہی عوام کو باہم لڑانے اور قتل و غارت کو فروغ دینے لگیں۔

پھر حالات وہی ہوتے ہیں جو آج کراچی میں ہیں اور کراچی ویتنام سے بھی بدترین حالات سے دوچار ہو چکا ہے۔ حکمرانی کی ہوس، اقتدار کا جنون اور کراچی پر قبضے کی جنگ میں مصروف سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے طریقوں سے کراچی کے عوام کو ٹارگیٹ کیا ہوا ہے اور عوام ان جماعتوں کے ہاتھوں یرغمال بن کر جلسے، جلوس، احتجاج، دھرنے اور ہڑتال کے ذریعے اپنا ہی گلہ خود گھونٹنے میں اور دوسروں کے ہاتھوں سے اپنے بچوں کو مروانے میں لگے ہوئے ہیں۔

یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک عوام شخصیت پرستی کا مظاہرہ کرتے رہیں گے اور اخلاق کردار کی بجائے جماعت، تعصب، لسانیت اور شخصیت پرستی میں قیادت کا انتخاب کرتے رہیں گے۔