سیاسی ومذہبی جماعتیں قومی یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کریں, الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے وطن عزیز کا دفاع یقینی بنانے کے لیے سیاسی مفادات سے بالا تر ہوکر دانشمندانہ فیصلے کیے جائیں۔ ان کا رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا سیاسی ومذہبی جماعتیں قومی یکجہتی کا بھرپورمظاہرہ کرکے ملک دشمن قوتوں پر واضح کردیں کہ پاکستانی قوم متحداور منظم ہے۔ الطاف حسین کا کہنا تھا ایم کیوایم جمہوریت پسند جماعت ہے اور تمام جماعتوں کے عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتی ہے،ان کا کہنا تھا ایم کیوایم ایوانوں میں پاکستان کی ترقی وخوشحالی اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے قانون سازی چاہتی ہے.

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ پاکستان اندرونی وبیرونی خطرات سے دوچار ہے اوروقت کا تقاضا ہے کہ ملک بھر کی سیاسی ومذہبی جماعتیں ،وطن عزیز کا دفاع اور سلامتی یقینی بنانے کیلئے سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر دانشمندانہ فیصلے کریں اور قومی یکجہتی کا بھرپورمظاہرہ کرکے ملک دشمن قوتوں پر واضح کردیں کہ پاکستانی قوم متحداور منظم ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کے روز ایم کیوایم کے مرکز نائن زیروعزیزآباد میں رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم کی سیاست کا مقصد اقتدار کا حصول نہیں بلکہ خلق خدا کی خدمت ہے اور ایم کیوایم کے نزدیک خلق خدا کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے ۔ایم کیوایم جمہوریت پسند جماعت ہے اور تمام جماعتوں کے عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتی ہے، ایم کیوایم چاہتی ہے کہ ملک میں جمہوریت پروان چڑھے، سینیٹ اور قومی اسمبلی سمیت تمام ایوانوں میں پاکستان کی ترقی وخوشحالی اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے قانون سازی ہو، ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی قائم ہو اور عوام کو بلاتفریق انصاف ملے۔ انہوں نے ایم کیوایم کے تمام رہنماوں ،نمائندوں، ذمہ داروں اورکارکنوں کو تلقین کی کہ وہ خلق خدا کی خدمت کے جذبے کے تحت اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں اور عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے اپنا بھرپورکردار ادا کریں۔