سیاسی ‘مذہبی اور سماجی تنظیموں کو فطرہ نہ دیا جائے’ راجونی اتحاد

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان راجونی اتحاد کے سینئر رہنما امیر سولنگی نے اتحاد میں شامل خاصخیلی ‘ سولنگی ‘ کچھی’کاٹھیاواڑی ‘ گجراتی ‘ میمن ‘ کھتری ‘ اسماعیلی ‘ سومرہ ‘ بلوچ ‘ سندھی برادریوں سمیت پاکستان میں بسنے والی تمام برادریوں او رقومیتوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان المبارک اور عیدلفطر کے موقع پر پاکستانی عوام سیاسی و مذہبی جماعتوں اور فریبی سماجی تنظیموں کو زکوٰة و فطرہ دیکر دہشتگردوں ‘ جرائم پیشہ عناصر اور ملک و قوم دشمنوں کا معاون بننے کی بجائے اپنی زکوٰة ‘ خیرات ‘ صدقات ‘ عطیات اور فطرے کی رقوم اپنی برادری کے غریب و مستحق افراد میں تقسیم کرکے ان کی زندگی کی تکالیف و پریشانیوں اور مسائل و مصائب کم کرنے میں اپنا کردار ادا کریںکیونکہ حکمرانوں و سیاستدانوں کی منافقت و مفاد پرستی کے باعث پاکستان کے مفلوک الحال عوام دو وقت کی روٹی سے بھی محروم ہوچکے ہیں۔

حکمرانوں کی ناقص حکمت عملی کے باعث تباہ ہوتی ہوئی قومی اقتصادیات بیروزگاری و افلاس کو بڑھاوا دے رہی ہے جبکہ چندہ ‘ فطرہ اور زکوٰة وصول کرنے والی سیاسی و مذہبی جماعتیںاور فریبی سماجی تنظیمیں ملک میں دہشتگردی ‘ جرائم ‘ انتشار اور لاقانونیت و مسائل بڑھارہی ہیں اسلئے قوم انہیں سرمائے کی فراہمی کے ذریعے مضبوط کرنے کی بجائے اپنی ہی برادریوں کے غریب و مستحق خاندانوں کی امدادو کفالت کا فریضہ ادا کرکے حقیقی معنوں میں رب کی رضا و خوشنودی حاصل کریں۔