لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ملک کا سیاسی منظرنامہ کسی بھونچال کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ منفی سیاست کرنے والے دراصل جمہوریت اور ملک کی ترقی کے درپے ہیں۔ موجودہ سیاسی قیادت نیک نیتی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔
حکمرانوں کے احتساب کے لئے سب بڑی طاقت عوام کی ہوتی ہے۔ گزشتہ روز ماڈل ٹائون پارٹی سیکرٹریٹ میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلبا وطالبات سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تقاضے بدل چکے ہیں، صوبائیت سے بالاتر ہو کر سارے پاکستان کی بات کرنا ہو گی۔
نوجوان نسل ہی ملک کے خوشحال مستقبل کی ضامن ہے جس کے لئے یکساں نظام تعلیم ، یوتھ کو روزگار اور معاشی مواقع فراہم کرنے کے لئے کئی اقدامات کئے گئے ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی حکومت نے کم ترقی یافتہ علاقوں کے لئے خصوصی فنڈز مہیا کئے ہیں۔
پاک چائنہ کوریڈور پاکستان کی ترقی وخوشحالی کا پیامبر ثابت ہو گا۔ بالخصوص معاشی لحاظ سے کمزور صوبوں کے لئے بڑے پیمانے پر نئے مواقع سامنے آئیں گے۔ وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ ہمیں سوسائٹی کو ترقی کی طرف لے کر جانا ہے جس کے لئے بلوچستان، خیبرپی کے اور گلگت بلتستان کے طلباوطالبات کو صوبہ پنجاب کے اہم تعلیمی اداروں میں خصوصی سہولتیں مہیا کی جا رہی ہیں۔
موجودہ حکومت کی کامیابیاں سب کے سامنے ہیں۔ 2018 تک لوڈشیڈنگ کے سائے چھٹ جائیں گے۔ اس موقع پر طلبا وطالبات نے کہا کہ باشعور عوام سیاسی لحاظ سے اپنے اچھے اور برے کی تمیز جانتے ہیں اور وہ کسی قیمت پر نعروں اور وعدوں کی سیاست پر اعتبار نہیں کریں گے۔ ملک کے مستقبل کا فیصلہ عوام کو ہی کرنا ہے اور مسلم لیگ (ن) پاکستان کو معاشی وسیاسی لحاظ سے مضبوط بنانے کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے تفصیلی ملاقات پر حمزہ شہباز کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔