کراچی (جیوڈیسک) سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کے لیے ملاقاتوں اور مشوروں کا سلسلہ جاری ہے ، کل سراج الحق سرگرم رہے، آج خورشید شاہ عمران خان سے ملیں گے اور ایم کیو ایم کا وفد وزیراعظم سے ملاقات کرے گا۔
مون سون کے بادل ملک میں بارش برسا رہے ہیں تو لانگ مارچوں کے باعث سیاست کے افق پر میل ملاقاتوں کے گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں ،سراج الحق کی خورشید شاہ سے ملاقات ہوئی پھر پہنچے کپتان کے پاس اوروہاں سے گئے۔
عمران خان کی تجاویز لے کر وزیراعظم کے پاس ، سراج الحق اتنے مصروف ہیں تو خورشید شاہ کیوں کر آرام سے بیٹھ سکتے ہیں آخر اپوزیشن لیڈر ہیں ، خورشید شاہ آج ملاقات کریں گے عمران خان سے اور انہیں سمجھائیں گے لانگ مارچ کا خیال دل سے نکال دیں۔
پتہ نہیں عمران خان مانتے ہیں کہ نہیں ،شاید اسی لیے حکومت نے تلخ و شیریں یادیں بھلا کر ایم کیوایم کے ساتھ مل بیٹھنے کی سوچی اور موجودہ سیاسی صورت حال پر بات چیت کے لیے وزیر اعظم نے ایم کیوایم کو دعوت دے ڈالی۔
سو آج ایم کیو ایم کا وفد ملاقات کرے گا وزیر اعظم سے ،وفد میں ڈاکٹر فاروق ستار، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، بابر خان غوری اور کنور نوید جمیل شامل ہیں ، آج گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کی ملاقات بھی وزیراعظم سے متوقع ہے۔