کراچی (جیوڈیسک) ملک میں جاری سیاسی کشیدگی کے اثراث کراچی سٹاک مارکیٹ پر بھی منڈلا رہے ہیں۔غیر یقینی سیاسی صورتحال کے باعث دو ہفتے کے دوران مقامی میوچل فنڈزنے 6 ارب روپے کے حصص فروخت کر دئیے۔ ہنڈرڈ انڈیکس میں تقریباً 3 ہزار پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اسلام آباد میں دو ہفتے سے جاری حکومت مخالف دھرنوں کے باعث ملکی معاشی سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ سیاسی ڈیڈ لاک برقرار رہنے کے نتیجے میں سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا عمل بری طرح متاثر ہو رہا ہے اور سرمایہ کار مسلسل حصص کی فروخت کو ترجیح دیتے رہے۔
غیر یقینی سیاسی صورتحال کے باعث غیر ملکی سرمایہ میں نمایاں کمی آچکی ہے۔ جبکہ دو ہفتے کے دوران مقامی میوچل فنڈز نے 6 ارب روپے مالیت کے حصص فروخت کئے، جس کے نتیجے میں انڈیکس میں تقریباً 3 ہزار پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی، مارکیٹ میں فروخت کا رجحان زور پکڑنے کے باعث بیشتر کمپنیوں کے حصص میں کمی واقع ہوئی ہے جس سے سرمایہ کاروں کو بھاری نقصانات ہوئے ہیں۔