سیاسی کارکنوں پر لاٹھی چارج کرنے والوں کی اصلیت سامنے آگئی سینیٹر کامل علی آغا
Posted on August 25, 2013 By Noman Webmaster لاہور
لاہور: پاکستان مسلم لیگ نے دھاندلی کے خلاف پر امن احتجاج کرنے والے تحریک انصاف کے کارکنوں اور رہنمائوں پر لاٹھی چارج اور پکڑ دھکڑکی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعت سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ سیاسی کارکنوں پر لاٹھی چارج کروانے والوں کی اصلیت سامنے آگئی۔
ن لیگ پہلے صرف دھاندلی کرتی تھی اب اس نے ریاستی غنڈہ گردی بھی شروع کر دی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے لاٹھی چارج کے حق میں دلائل دے کر ثابت کیا ہے کہ ن لیگ کی اپوزیشن میں جمہوری اخلاقیات کچھ اور طرح کی اور اقتدار میں آکر اور طرح کی ہوتی ہے۔
ق لیگ پنجاب کے رہنمائوں، اراکین صوبائی اسمبلی سردار وقاص حسن موکل، عامر سلطان چیمہ، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری پنجاب ناصر محمود گل، سیکرٹری اطلاعات سیمل کامران نے دھاندلی کے خلاف پر امن احتجاج کرنیوالے تحریک انصاف کے کارکنوں پر لاٹھی چارج کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
کہا ہے کہ پر امن احتجاج کو غیر قانونی قرار دینے والے وزیراعلیٰ خود لوڈ شیڈنگ کی آڑ میں پر تشدد مظاہرے کرواتے رہے ن لیگ والے اقتدار کے نشے میں تمام اخلاقیات بالائے طاق رکھ رہے ہیں ۔ سیاسی کارکنوں کے ساتھ ظلم و زیادتی کسی طور برداشت نہیں کی جائے گی۔