مصطفی آباد/للیانی کی خبریں 02/5/2016

 LALYANI

LALYANI

مصطفی آباد/للیانی (محمد عمران سلفی سے) نا اہل و کرپٹ سیاستدان پوری دنیا میں ملکی جگ ہنسائی کا باعث بن چکے ہیں،پانامہ پیپرز نے عوامی خدمت کے جھوٹے دعویداروں کا اصل روپ عوام کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے، ملکی مفادات کو سخت اور نا قابل تلافی نقصان پہنچایا جا رہا ہے، پاکستان اس وقت اپنی سیاسی و اخلاقی تاریخ کے انتہائی نازک موڑ پر کھڑا ہے، سیاستدانوں کے بیرونی ممالک پیسہ جمع کرنے کی وجہ سے بیرونی ممالک کے عوام پاکستان میں سرمایہ کاری نہیں کر رہے ، چیف جسٹس آف پاکستان تاریخ کے اس نازک موٹر پر اپنا تاریخی کردار ادا کرتے ہوئے بہترین فیصلہ کرکے ہمیشہ کیلئے امر ہو جائیں، احتساب سب کا اور سب کیلئے ہوتا ہوا نظر آنا چاہئے، مسلم لیگ ن ، تحریک انصاف، جماعت اسلامی ودیگر سیاسی جماعتوں کا کا احتساب کیا جائے، ان خیالات کا اظہارپا کستان فلاح پارٹی(PFP) کے مرکزی صدر قاضی عتیق الرحمان نے شمالی پنجاب کے صدر بدر ظہور چشتی، ضلعی رہنما قصور مظفر وارثی کے ہمراہ پریس کلب مصطفی آباد للیانی(رجسٹرڈ) میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، مرکزی صدر قاضی عتیق الرحمان نے مزید کہا کہ موجودہ ملکی سیاسی حالات میں امکانی طور پر چیف جسٹس اس کمیشن سے معذرت کر سکتے ہیں تا ہم پاکستان فلاح پارٹی چیف جسٹس سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں انکوائری کمیشن کی سربراہی قبول کرتے ہوئے مجرمان کو قرار واقعی سزاد دیں، مرتکب پائے جانے والے سیاستدانوں ان کی جماعت اور ان کے خاندان کو بھی تا حیات سیاست میں حصہ لینے پر پابندی لگائے جائے، انہوں نے کہا کہ ہر وہ چیز جو ہماری آمدن و لائف سٹائل سے مطابقت نہ رکھتی ہو کرپشن کے زمرے میں آتی ہے، اس طرح اثاثہ جات کو چھپانا ، ٹیکس کی عدم ادائیگی یا پیش قیمت چیز کو کم قیمت ظاہر کرکے ٹیکس بچانے کی کوشش کرنا سب جرام میں شمار کئے جاتے ہیں، قاضی عتیق الرحمان نے کہا کہ پاکستان فلاح پارٹی یہ سمجھتی ہے کہ غیر قانونی طور پر بھیجا گیا پیسہ بیرونی ملک سے منگوانا سب سے اہم موقع ہے،

کرپشن کے خلاف عالمی معاہدے کی رو سے حکومت پاکستان ایک خط لکھ کر تمام سرمایہ واپس منگوا سکتی ہے، اس پیسے کو عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے، وزیر اعظم پاکستان قومی خزانے سے کروڑوں روپے کے اشتہار ذاتی دفاع کیلئے چھپوا کر بد دیانتی کے مرتکب ہوئے ہیں اور اپنے حلف کی پاسداری نہیں کر سکے، اس لئے ان کی حکومت کے پاس ا سمبلی میں بیٹھنے کاکوئی اخلاقی جواز باقی نہیں، سپریم کورٹ اس معاملے کا بھی نوٹس لے، ٹرم آف ریفرنس کے حوالے سے پاکستان فلاح پارٹی یہ سمجھتی ہے کہ اس کو محض چند پارلیمانی جماعتوں تک محدود کرنے کی بجائے چند دیگر اہم سیاسی جماعتوں بشمول PFPکو اعتماد میں لیا جائے ، انکوائری کمیشن کڑا احتساب کرتے ہوئے پہلے حکمرانوں، پھر اپوزیشن اور پھر لسٹ میں موجود دیگر لوگوں پر گرفت کرے، یہاں یہ اضافہ کرنا ضروری ہے کہ اس کمیشن کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے افغان جہاد کے بعد چند جماعتوں مثلاََ جماعت اسلامی، جمعیت علما ئے اسلام ودیگرکے اثاثہ جات کی چھان بین بھی کی جائے، خیبر پختونخواہ کے وزیر خزانہ کی کرپشن کی خبریں بھی منظر عام پر آ چکی ہیں، سراج الحق پورے ملک میں کرپشن کے خلاف مہم کا آغاز اپنے وزیر سے کریں تو قوم کا اعتماد بڑھے گا،

عمران خان کے ارد گرد موجود پرانی کھلاڑی نئی سواری کے ذریعے اقتدار کی منزل تک پہنچنا چاہتے ہیں، تاہم قوم اس حوالے سے بخوبی جانتی ہے، عمران خان صوبہ KPکی طرف بھی توجہ دیں، PTIکی صوبائی حکومت کی نا اہلی کا اس سے بڑا ثبوت اور کیا ہو سکتا ہے کہ صوبائی حکومت 2015/2016کے مالی سال کے کل بجٹ 174.9ارب میں سے صرف 27فیصد یعنی 48.67ارب خرچ کرنے میں اب تک کامیاب ہوئی ہے، علاوہ ازیں نصاب تعلیم کو مکمل طور پر نظریاتی بنیادوں پر استوار کرنے کی بجائے اسلامی و نظریاتی اسباق کو حذف کر دیا گیا ہے، پاکستان فلاح پارٹی ،تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے اس نصاب اور نظریات دشمن رویے پر شدید مذمت کرتی ہے، اور مطالبہ کرتی ہے کہ حذف شدہ اسباق کو فوری طور پر دوباہ شامل نصاب کیا جائے، مرکزی صدر قاضی عتیق الرحمان نے مزید کہا کہ پاکستان فلاح پارٹی مشاورتی کونسل کی منظوری کے بعد TOR,S کل انائونس کرے گی، ان کو آج حتمی شکل دے دی گئی ہے، چیف جسٹس کو با ضابطہ طور پر بھیجیں گے، انہوں نے صحافیوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلاح پارٹی چاروں صوبوں میں تنظیم سازی کر چکی ہیں چند اضلاع باقی ہیں جہاں پر تنظیم سازی جلد مکمل کر لی جائے گی، یہ واحد سیاسی جماعت ہے جس کے اندر حقیقی جمہوریت ہے، جس میں شامل تمام افراد سٹوڈنٹ لیڈر ہیں، وہ دن دور نہیں جب پاکستان فلاح پارٹی ہر پاکستانی کے دل کی آواز بن چکی ہو گی،