سیاستدان انصاف کے دعویدار اوردہشت گرد ملکرملک و قوم کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں
Posted on May 6, 2013 By Noman Webmaster کراچی
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے ایڈیشنل انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید نے کراچی میں جمہوری قوتوں کے انتخابی دفاتر پر بم حملوں کے تواتر کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور عوام بدترین خطرات سے دوچار ہیں۔
کیونکہ آمروں کی گود میں پلنے والے سیاستدان جمہوریت ‘ انصاف اور آئین کے تحفظ کے دعویدار اور دہشتگرد مل کر ملک و قوم کے مستقبل سے کھیل رہے ہیںاورجمہوریت پسند’محب وطن وروشن خیال قوتوں کو دہشتگردی کے ذریعے دیوار سے لگاکراستحصالی طبقات کے مفادات کی تکمیل کی یقین دہانی کرانے اور عوام کو ذبح کرنے کا تجربہ رکھنے والے من پسند افراد و جماعتوں کو انتخابات کے ذریعے اقتدار میں لانے کا منصوبہ ہے۔
جس کی تکمیل کیلئے ایک جانب پرویز مشرف کو جھوٹے کیسز میں پھنساکر آمریت کو آئینی تحفظ فراہم کرنے کے مجرموں کے ذریعے عدالتی چھری سے ذبح کرنے کی سازش کی جارہی ہے تو دوسری جانب دہشتگردوں کو جمہوریت پسندوں کے شکار کی کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔
جس کی وجہ سے آل پاکستان مسلم لیگ انتخابات کے بائیکاٹ پر مجبور ہوئی کیونکہ ان غیر منصفانہ انتخابات کے نتیجے میں جمہوریت مستحکم نہیں ہوگی بلکہ دہشتگردوں کی حکومت آئے گی اور جو جمہوری قوتیں انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کریں گی وہ یقینا ہوس اقتدار میں ملک و قوم دشمنوں کی مددومعاونت کریں گی۔
کیونکہ انتخابات کے نام پر اقتدار میں آنے والوں کا عوام کو کچلنے میں ساتھ نہ دینے والے یا تو مشرف کی طرح غدار قرار دیکر عدالتی چھری سے ذبح کردیئے جائیں گے یا ریاستی قوت کے ذریعے کچل دیئے جائیں گے۔