سیاستدان قومی ایشوزپر اتفاق رائے پیدا کریں، بشارت مرزا
Posted on December 4, 2013 By Majid Khan کراچی
کراچی : پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی صدربشارت مرزانے کہا ہے کہ کراچی میں دہشت گردی کی نئی لہر افسوسناک سے زیادہ حیرت انگیزہے،ایسے وقت میں جب شہرمیں رینجرز اور پولیس دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ دہشتگردوں اور ناجائز اسلحے کے خلاف آپریشن کررہی ہیں(ایکسپریس چینل) کے دفتر پر حملہ اور اہم شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ لمحہء فکریہ اور آپریشن کے نام پر سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسالگ رہاہے کہ ملک میںخانہ جنگی شروع ہو چکی ہے، دوسری جانب مٹھی بھردہشت گردقانون نافذ کرنے والے تمام اداروں پر بھاری پڑ رہے ہیں جو مسلسل حکومتی رٹ کوچیلنج کررہے ہیں لیکن معصوم جانوں کی ہلاکت پر حکومتی بے حسی افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ قتل کسی رنگ ونسل ،مذہب یامکتب سے تعلق رکھنے والے کا بھی ہوخون انسانیت کاہی بہتاہے ،جس پر ہرپاکستانی کادل افسردہ ہے ،اس امر کاادراک کرتے ہوئے ہر پاکستانی اپنے طور پر سوچے اور سمجھے کہ پاکستان میں بسنے والے مختلف رنگ ونسل ،ذات پات اور مذہب ومکتب فکر سے تعلق رکھنے کے باوجود ایک پاکستانی قوم ہیں۔بشارت مرزانے کہاکہ موجودہ دورمیں دہشتگردی ایک قومی مسئلہ بن چکی ہے جس سے کوئی بھی محب وطن سیاست دان چشم پوشی نہیں کر سکتا لہٰذا ملک کی تمام جماعتیں اور سیاستدان آپس کے اختلافات کوبالائے طاق رکھ کر ایک ٹیبل پر بیٹھیں اوراتفاق رائے سے دہشتگردی کے خاتمے کا قابل عمل حل تلاش کریں۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com