اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ چند مایوس سیاستدان محاذ آرائی سے سیاسی مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا جس میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چوہدری نثار نے شرکت نہیں کی۔
اجلاس میں قرارداد پیش کی گئی جس میں نوازشریف کی قیادت اور پالیسیوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا جب کہ قرارداد میں کہا گیا کہ نوازشریف کی پالیسیوں اور منصوبوں پر عمل کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
شرکا کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور (ن) لیگ کی پالیسیوں نے ملک کو معاشی تباہی سمیت بدترین لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی۔
شرکا نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں پر عمل درآمد بھرپور توانائیوں سے جاری رکھا جائے گا، خوشحال مستقبل، امن اور عوام کی حکمرانی کے سفر کو ہر قیمت پر جاری رکھیں گے، سی پیک کے ذریعے پاکستان کے تابناک مستقبل کی ضمانت فراہم کی ہے، سی پیک منصوبوں کی بر وقت تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔
شرکا نے مزید کہا کہ چند مایوس سیاستدان جمہوری میدان میں پے در پے شکستوں سے مایوس ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چند مایوس سیاستدان محاذآرائی سے سیاسی مقاصدحاصل کرناچاہتے ہیں لیکن انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آئین کی بالادستی کے لیے دیوار چین کا کردار ادا کرے گی۔