اسلام آباد (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان ایک دوسرے کو دھمکیاں نہ دیں،ایٹم بم ماردیں، قصہ ختم ہو جائے گا۔ آپس کے جھگڑے ختم کر دیں تو تمام مسائل ختم ہوجائیں گے، وطن پرست ہونا کوئی جرم نہیں، علامہ اقبال بھی سچے وطن پرست تھے۔
الطاف حسین نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کی شام اپنی کتاب فلسفہ محبت کے انگریزی ترجمے کی تقریب رونمائی کے موقع پریہاں خطاب کے دوران کیا۔ اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان ، ارکان پارلیمنٹ ، سفارت کاروںا ور دانش وروں کے علاوہ دیگر مکتبہ فکر کے افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پر ٹیلے فونک خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ہم اکھاڑ پچھاڑ کی سیاست کےعادی ہو چکے ہیں، قائداعظم نے کہا تھا کہ اقلیتی ریاستوں کو آزاد ریاستوں میں تبدیل کر دیا جائے۔
قائداعظم پہلے متحدہ ہندوستان بنانا چاہتے تھے اور اس کے لیے انہوں نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی،علامہ اقبال نے خطبہ الہ آباد میں تقسیم ہندکی بنیاد رکھی،الطاف حسین کا کہنا تھا کہ لوگ اپنے ثقافتی ورثوں کو محفوظ بنا کر رکھتے ہیں۔