سیاست کے بجائے فن سے عوام کی خدمت کرنا چاہتی ہوں، ریما

Reema khan

Reema khan

لاہور (جیوڈیسک) معروف اداکارہ اور فلمسٹار ریما خان نے کہا ہے کہ انکا ابھی سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے بلکہ وہ اپنے فن کے ذریعے ہی عوام کی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔ اداکارہ ریماخان نے کہا کہ کوئی بھی جماعت بر سر اقتدار ہو عوام کو ہر صورت ریلیف ملنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست ایک مشکل کام ہے اور شاید میں اسکے داؤ پیچ نہ سمجھ سکوں۔ سیاست میں لوگ ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی کوشش کرتے ہیں جو میرے مزاج کے برعکس ہے۔ میں صرف یہی کہوں گی کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنی سیاست ضرور چمکائیں لیکن ملک و قوم کے مفاد کیلئے سب کا ایک موقف ہونا چاہیے۔ ریما خان نے کہاکہ اسکے علاوہ ملک میں کوئی بھی سیاسی جماعت بر سر اقتدار ہو اسے عوام کے بنیادی حقوق اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرنی چاہئیں۔

ریما خان نے کہا کہ رمضان المبارک کے احترام میں انہوں نے اپنی تمام شوبز سرگرمیاں معطل کررکھی ہیں۔ رمضان کے بعد اپنی نئی فلم کے پراجیکٹ پر کام کا آغاز کروں گی۔ ریما خان نے کہاکہ رمضان المبارک میں ہمیں اپنے غریب اور مستحق بہن بھائیوں کیساتھ ساتھ شمالی وزیرستان آپریشن کے متاثرین کی بھی امداد کرنی چاہیے۔