وزیر آباد (جیوڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی این اے 101 کی انتخابی مہم میں شرکت کیلئے دوسری بار حلقے میں پہنچے اور وزیر آباد میں انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران پھر حکمرانوں پر خوب گرجے، برسے اور میگا پراجیکٹس کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ حکمرانوں کی طرح سیاست میں بزنس کرنے نہیں آئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم نے اربوں کے اثاثے بچوں کے نام پر رکھے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے میٹرو اور اورنج ٹرین کو کمیشن حاصل کرنے کے منصوبے قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اسپتال ٹھیک کرنے سے کمیشن نہیں ملتا، اسی لئے ان پر توجہ نہیں دی جاتی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری نے ہر پاکستانی کو ایک لاکھ 20 ہزار روپے کا مقروض بنا دیا ہے۔
انہوں نے پی ٹی آئی امیدوار کو جتوانے کی اپیل کی اور کہا کہ سینٹرل پنجاب کا فیصلہ پاکستان کا فیصلہ ہوتا ہے۔