ہم پنکھا جھلنے والوں جیسی جھوٹی سیاست نہیں کرتے، خورشید شاہ

Syed Khurshid Shah

Syed Khurshid Shah

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہم یادگار پاکستان پر کیمپ لگا کر پنکھا جھلنے والوں جیسی جھوٹ کی سیاست نہیں کرتے، عمران خان اور طاہر القادری کو اب یاد آیا کہ دھاندلی ہوگئی، اب یہ الزام تراشی کا کھیل بند ہونا چاہیے، پیپلز پارٹی نواز شریف کو نہیں، سسٹم کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ آج کل ریلیوں کا دور ہے، کچھ جیو کی حمایت میں اور کچھ مخالفت میں نکل رہی ہیں۔ ان ریلیوں کے بعد عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کو یاد آیا جس سے شکوک و شبہات پیدا ہو رہے ہیں کہ یہ بھی اسی کا حصہ بن رہے ہیں۔

ملک میں اور بھی بہت سے ایشوز ہیں،طالبانائزیشن کے حوالے سے مذاکرات پر حکومت کو مجبور کیا جا سکتا ہے کہ وہ اپوزیشن کو اعتماد میں لے۔ڈاکٹر طاہر القادری کی 150 صاف سیاستدانوں کی فہرست مرتب کرنے سے متعلق سوال پر اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ایسی باتیں عمران خان بھی کرتے تھے مگر وہ بھی 75 فیصد پرانےسیاستدان ہی لے کر آئے۔