لاہور (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ سیاست پر بھی شوگر مافیا کا قبضہ ہے اس لیے وہ کسان کے بارے میں نہیں سوچتے۔
لاہور میں کسان ونگ کی تقریب سے خطاب میں سراج الحق کا کہنا تھا کہ قوم نے ن لیگ، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کو آزما لیا لیکن اب اسلامی انقلاب کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسان اور زراعت کی ترقی کیلئے کسی بھی حکومت نے کوئی عملی پالیسی نہیں بنائی جس کے باعث پاکستان میں زیر کاشت رقبے میں تیزی سے کمی ہورہی ہے، کسان کو انڈے اور مرغی کی نہیں سستے بیج، کھاد اور بلاسود قرضوں کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاست پر بھی شوگر مافیا کا قبضہ ہے، مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی پر شوگر مافیا کا قبضہ ہے اس لئے وہ کسان کے بارے میں نہیں سوچتے جب کہ نوازشریف، زرداری اور عمران خان کے دائیں بائیں شوگر مافیا ہے جب تک ایسی سوچ رہے گی کسان ترقی نہیں کرے گا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت پنجاب نے بسنت دوبارہ منانے کا اعلان کیا ہے، پتہ نہیں کتنے بچے بسنت کے دوران ڈور سے مریں گے لہٰذا حکومت بتائے بسنت منانے کا مطالبہ کس نے کیا؟
ان کا کہنا تھا کہ حکومت سے قوم کا مطالبہ ہے بچوں کے ہاتھ میں کتاب اور قلم تھمائے، کسان کو سستا بیج، کھاد اور دوائیں دے اور وفاقی و صوبائی بجٹ میں زراعت کے شبعے کیلئے مطلوبہ فنڈ رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ مسائل حل کرنے کے بجائے لوگ پتنگ بازی میں مصروف ہوجائیں لیکن ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جس میں انصاف سب کیلئے ہو، ملک میں غریب کیلئے علاج ناممکن ہے
سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہم ڈرائنگ روم والے لیڈر نہیں بلکہ ہم کسانوں کے ساتھ ہیں۔