سیاست میں مذاکرات کا دروازہ بند نہیں ہو سکتا فرید پراچہ

Fareed Paracha

Fareed Paracha

ٹوبہ ٹیک سنگھ (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید پراچہ نے کہا ہے کہ احتجاج عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کا آئینی حق ہے تاہم وہ ایسے مطالبات سے گریز کریں جن کے نتیجے میں کوئی بھی جماعت بند گلی میں چلی جائے کیونکہ سیاست میں بات چیت کے دروازے بند نہیں کئے جا سکتے ، جماعت اسلامی فریقین کے مابین مصالحت کیلئے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

فرید پراچہ نے کہا کہ حکومت نے اسلام آباد کو فوج کے حوالے کر کے غلط اقدام کیا جس کی وہ مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی حکومت اور احتجاج کا اعلان کرنے والوں کے درمیان مصالحت چاہتی ہے تاکہ ملکی حالات خراب نہ ہوں اور جمہوریت کو بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات سمیت تحریک انصاف کے دیگر مطالبات کی مکمل تائید کرتے ہیں، انتخابی نظام پر عوام کا اعتماد بہت ضروری ہے۔

قبل ازیں نجی تعلیمی ادارے کے گرلز کیمپس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فرید پراچہ نے کہا کہ اعلیٰ کلاسز میں مخلوط نظام تعلیم کسی صورت قبول نہیں، الگ گرلز کیمپس میں اچھا تعلیمی ماحول فراہم کرنے کیلئے اداروں کو کردار ادا کرنا ہو گا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی پنجاب کے نائب امیر ڈاکٹر عبید اللہ گوہر، ضلعی امیر مولانا رحمت اللہ ارشد اور ڈاکٹر زاہد ستار سمیت شہریوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔