ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ ہدایتکار کبیر خان کا کہنا ہے کہ لوگوں کی جانب سے کی جانے والی تنقید مجھے سیاسی موضوعات پر فلمیں بنانے سے نہیں روک سکتی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ہدایتکار کبیرخان کا اپنے انٹرویو میں کہنا ہے کہ وہ اس طرح کی فلمیں بناتے رہیں گے جس طرح کی بناتے ہیں، انہوں نے کراچی میں ایک ہی دن گزارا اور ایک تقریب میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شرکا کے ساتھ بہت اچھا وقت گزارا، جن لوگوں سے کانفرنس کے دوران ملاقات ہوئی وہ بہت گرم جوشی سے ملے اور ان میں خیر سگالی کا جذبہ نظر آیا، تقریب کے مندوبین کو فلم ’’فینٹم‘‘ کے حوالے سے کچھ تحفظات تھے جس پر سوال و جواب کا سلسلہ ہوا، ان لوگوں میں کچھ ہی لوگ ایسے تھے جنہیں ان کی فلم ’’فینٹم‘‘ تو نظر آئی لیکن بجرنگی بھائی جان نہیں۔
کبیر خان نے کہا کہ کچھ لوگوں کی تنقید پورے پاکستان کی سوچ کی عکاس نہیں کہی جاسکتی، انہوں نے ’’فینٹم‘‘ میں ایک اہم معاملے کو اٹھایا تھا۔لوگوں کو اپنی رائے دینے کا پورا حق ہے لیکن اس کا طریقہ ہونا چاہیئے، میں اس موضوع پر بات کر نے کے لیے تیار ہوں۔ انہوں نے اب تک سیاسی موضوع پر کئی فلمیں بنائی ہیں اور اس سلسلے میں کی جانے والی تنقید انہیں اس طرح کی فلمیں بنانے سے نہیں روک سکتی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزبھارتی فلم ڈائریکٹرکبیرخان کے خلاف پاکستان مخالف فلم بنانے پرجناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پرشہریوں کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا اور شیم شیم کے نعرے بھی لگائے گئے تھے۔