کراچی (جیوڈیسک) ایک رات پہلے سندھ کی مخصوص یونین کونسلز میں بلدیاتی الیکشن ملتوی ہونے پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی پھٹ پڑے۔
بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا پولنگ سے ایک دن پہلے پولنگ ملتوی کرنا متنازعہ ترین فیصلہ ہے۔
پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل تاج حیدر نے کہا کہ فیصلے کا مقصدانتشار پھیلانا ہے اقدام فوری واپس لیا جائے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے بھی شدید رد عمل کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا اقدام پیپلزپارٹی کیخلاف دھاندلی ہے تاہم الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کریں گے ایسے اقدامات سے اکثریت تبدیل نہیں کی جا سکتی۔
وزیر اطلاعات سندھ نثار کھوڑو نے سوال اٹھایا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ صرف ایک روز پہلے ہی کیوں آیا؟۔ حلقہ بندیاں سندھ حکومت کا نہیں بلکہ الیکشن کمیشن کا کام ہے۔ مشرف دور میں تو سب ٹھیک تھا کسی نے بھی اعتراض نہیں کیا۔