پولنگ اسٹیشن کے اندر گڑ بڑ کا ذمہ دار پریذائیڈنگ آفیسر ہوگا سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان
Posted on August 22, 2013 By Geo Urdu اسلام آباد
اسلام آباد (پی پی سی) سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان نے واضح کیا ہے کہ پولنگ اسٹیشن کے اندر گڑ بڑ کا ذمہ دار پریذائیڈنگ آفیسر ہوگا ضمنی الیکشن کے بعد بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں گے۔جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان نے کہا کہ ڈی آئی خان میں الیکشن کچھ عرصے کیلئے ملتوی رہیں گے۔
انہوںنے کہاکہ چاروں صوبوں کے 41 حلقوں میں پولنگ ہورہی ہے اور 7 ہزار پولنگ اسٹیشنز میں سے 2600 حساس اور 1850 حساس ترین قرار دیئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سیکورٹی کی صورتحال کو بہتر بنایا گیا ہے اور پاک فوج ضمنی انتخابات میں تعاون کر رہی ہے۔ سیکریٹری الیکشن اشتیاق احمد نے کہاکہ پولنگ اسٹیشن کے اندر دھاندلی کا ذمہ دار پریذایڈنگ افسر ہو گا۔
اسی لئے پریذائیڈنگ افسر کو مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض کردیئے گئے ہیں تاکہ وہ انتخابی عمل کو شفاف رکھنے کے لئے کسی کے بھی خلاف موقع پر کارروائی کرسکے، تاہم اگر کسی وجہ سے پریذائیڈنگ افسر اختیارات کا استعمال نہیں کرتا تو پاک فوج کے افسران مجسٹریٹ کے اختیارات استعمال کرتے ہوئے گڑبڑ پھیلانے والے عناصر کے خلاف بھرپور انداز میں کارروائی کریں۔