لاہور (جیوڈیسک) آئی ایس پی آر کے مطابق الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کے دوران فوج طلب کی تھی جس پر پاک فوج کے 12 ہزار چار سو جوان سیکورٹی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔
کراچی میں کلفٹن اور ملیر میں پولنگ سٹیشنز کے انتظامات فوج کے حوالے کر دئیے گئے جبکہ کنٹونمنٹ بورڈ فیصل ، منوڑہ ، کراچی اور کورنگی میں سیکورٹی انتظامات رینجرز سنبھالیں گے۔
بلوچستان کے شہر لورالائی میں بھی فوج نے پولنگ سٹیشنز پر انتظامات سنبھال لئے ۔ سیالکوٹ کینٹ کے انتخابی حلقوں میں پاک فوج اور پولیس نے مشترکہ فلیگ مارچ کیا ۔ سرگودھا میں رینجرز اور پولیس نے کنٹونمنٹ کے مختلف وارڈز میں مشترکہ فلیگ مارچ کیا۔
شورکوٹ کینٹ میں بھی رینجرز اور سیکورٹی اداروں نے مارچ کیا ۔ وزارت داخلہ پنجاب نے الیکشن کے موقع پر کنٹونمنٹس کے علاقوں میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے ۔ کنٹونمنٹ بورڈز کی حدود میں دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔