غریب طبقے پر بوجھ کم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں: وزیراعظم

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ حکومت غریب طبقے پر بوجھ کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات لے رہی ہے جب کہ احساس راشن، کامیاب پاکستان، کسان کارڈ اور دیگر پروگرام غریبوں کے ریلیف کے لیے جاری کیے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پرائس کنٹرول پر اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا حماد اظہر، فواد چوہدری، خسرو بختیار، فخر امام، فروغ نسیم، مشیر خزانہ شوکت ترین، شہزاد اکبر اور شہباز گل سمیت دیگر نے شرکت کی جب کہ چیئرمین ایف بی آر ، چیف سیکرٹری پنجاب، بلوچستان اور کے پی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں چینی کے اسٹاک اور قیمتوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں وافر مقدار میں چینی موجود ہے سندھ کی شوگر ملوں کی بندش کے فیصلے سے قیمتیں بڑھی ہیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چینی کے مکمل اسٹاک کومارکیٹ میں لایا جائے اور 15 نومبر سے پورے ملک میں گنےکی کرشنگ کا آغاز کیاجائے، اس دوران کرشنگ قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں اشیاء کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، پاکستان درآمدی اشیاء پر انحصار کرتا ہے اس لیے مقامی مارکیٹ پر اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت غریب طبقے پر بوجھ کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات لے رہی ہے، احساس راشن،کامیاب پاکستان،کسان کارڈ اور دیگر پروگرام غریبوں کے ریلیف کے لیے جاری کیے۔

عمران خان نے کہا کہ عوام کے سامنےحقائق اور اعداد و شمارپیش کیےجائیں، مؤثر آگاہی مہم چلائی جائے جب کہ ذخیرہ اندوزوں، ناجائز منافع خوری کے مرتکب افراد کےخلاف سخت کارروائی کی جائے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت مہنگائی کے اثرات کا احساس رکھتی ہے اور سیاست سے بالاتر ہوکر عوام کی خدمت پرتوجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔