واشنگٹن (جیوڈیسک) ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک برس کے دوران دنیا کے غریب ترین ممالک کو مالی امداد کے طور پر ریکارڈ رقوم فراہم کی گئیں۔ جون میں ختم ہونے والے سال کے دوران انتہائی غریب ملکوں کو 16 ارب 30 کروڑ ڈالر فراہم کئے گئے۔ نصف رقوم افریقی اور ایک چوتھائی جنوبی ایشیا کے ملکوں کو دی گئیں.
عالمی بینک کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک برس کے دوران دنیا کے غریب ترین ممالک کو مالی امداد کے طور پر ریکارڈ رقوم فراہم کی گئیں۔ واشنگٹن میں قائم قرضہ جات اور ترقیات سے متعلق اِس ادارے نے بتایا کہ جون میں ختم ہونے والے سال کے دوران انتہائی غریب ملکوں کو 16 ارب 30 کروڑ ڈالر فراہم کئے گئے جس میں سے نصف رقوم افریقی ممالک اور ایک چوتھائی جنوبی ایشیا کے ملکوں کو دیے گئے۔
پچھلے سال کے مقابلے میں عالمی بینک نے 14 ارب 70 کروڑ ڈالر کی اضافی امداد فراہم کی۔ عالمی بینک نے بتایا کہ مجموعی طور پر ادارے نے 52 ارب اور 60 کروڑ ڈالر قرضہ جات، گرانٹس اور دیگر مالی اعانت کی صورت میں دنیا بھر میں جاری 2000 کے لگ بھگ منصوں کے لیے مہیا کیے۔
گزشتہ سال کے اِسی عرصے کے مقابلے میں یہ رقم نسبتا تھوڑی تھی جس کا سبب متوسط آمدن والے ملکوں میں اعانت کی طلب میں آنے والی کمی تھی۔ عالمی بینک کے صدر جِم یانگ کِم نے بتایا کہ ادارہ ترقی پذیر ملکوں کی فنڈز کی ضروریات کو پورا کرنے کی پوزیشن میں ہے۔ ان کے بقول صورت حال اب بھی غیر یقینی ہے۔
انھوں نے کہا کہ دو نئے اہداف حاصل کرنے کے لیے ادارہ اپنی کوششوں کو یکجا کر رہا ہے۔ یہ دو اہداف ہیں 2030 تک دنیا سے انتہائی غربت کا خاتمہ اور ترقی پذیر ملکوں کے نچلے ترین 40 فی صد طبقے کی آمدن میں اضافہ لانا۔ عالمی بینک اور دیگر بین الاقوامی تنظیمیں انتہائی درجے کی غربت ایک فرد کی کمائی سوا ڈالر روزانہ سے کم کو شمار کرتے ہیں۔